2 تبصرے

آدھی گواہی – زکاۃ کٹوتی

رمضان کی آمد آمد ہے۔ مسلمانان عالم کے لیے اس بابرکت ماہ کی رحمتیں اور نعمتیں تو کسی حد و شمار میں نہیں لیکن پاکستان کا متوسط طبقہ اشیائے صرف کی مہنگائی اور نایابی کے ساتھ ساتھ یکم رمضان سے وابستہ ایک اور حکومتی کٹوتی کا بھی شکار ہوتا ہے۔ یکم رمضان کو تمام بنک اپنے کھاتہ داروں کے اکاؤنٹس سے نام نہاد زکاۃ کاٹتے ہیں۔ شعبان کے آخری دنوں میں بنکوں میں ڈرافٹ بنوانے والوں کا ایک اژدھام ہوتا ہے۔ لوگ ان دنوں میں اپنا بنک اکاؤنٹ خالی رکھنا پسند کرتے ہیں اس لیے اگر کوئی ڈیل بھی چل رہی ہو تو سیانے کوشش کرتے ہیں کہ اگر پیمنٹ کرنی ہو تو رمضان سے پہلے کردی جائے اور اگر لینی ہو تو دو رمضان کے بعد لی جائے۔
ہمیں بھی اپنی کاہلی کی بدولت  ہر دفعہ دو ڈھائی ہزار کی  چپت پڑ جاتی ہے اور جب کسی ناظم یا اسمبلی ممبر کے نادار  بھائی کی پجیرو دیکھتے ہیں تو فخر ہوتا ہے کہ اسکا کم از کم ایک ٹائر میری زکاۃ بالجبر  سے خریدا گیا ہوگا۔
اس دفعہ مہینے کے شروع ہی سے بیوی پیچھے پڑ گئیں کہ ہر دفعہ پیسے کٹ جانے کے بعد تمہاری آنکھ کھُلتی ہے ابھی چل کر پہلا کام یہ کرو کہ بنک میں اسٹامپ پیپر (بیان حلفی) جمع کرواؤ تاکہ پیسے نہ کٹیں ہمارے اپنے کتنے قریبی عزیز مستحق ہیں یہ پیسے انکے کام آئیں۔ لیت لعل کرتے کرتے کل صدر پہنچ ہی گئے اسٹامپ پیپر فروش المعروف اوتھ کمشنر کے پاس پہلے ہی دو صاحبان اسی کام کے لیے بیٹھے تھے ہم نے بھی عرضی بمع شناختی کارڈ کے ڈال دی۔ ابھی ہمارا فارم ٹائپ ہورہا تھا کہ ایک سنجیدہ سی پختہ عمر کی خاتون ایک عمر رسیدہ عورت کے ساتھ داخل ہوئیں اور اسی موضوع پر اسٹامپ پیپر والے کا انٹرویو شروع کردیا انہیں دو بیان حلفی درکار تھے لیکن وہ بار بار پوچھ رہی تھیں کہ فقہ کیوں لکھیں گے بس مسلمان لکھنا کافی نہیں ہے۔ اسٹامپ فروش نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اگرآپ یہ فارم جمع کروادیں تو بنک آپکے اکاؤنٹ سے کٹوتی نہیں کرسکتے  لیکن خاتون خاصی متذبذب دکھائیں دیں اور شناختی کارڈ دینے کے بعد پھر واپس لے لیے کہ چھوڑو میں ڈرافٹ ہی بنوا لوں گی، لگتا تھا کہ فیصلہ نہیں کر پا رہی ہیں( لوگوں میں ایک غلط فہمی یہ ہے کہ صرف فقہ جعفری والے بیان حلفی داخل کر کے زکاۃ سے استثناء لے سکتے ہیں)۔ میں نے اور میری بیوی نے انہیں کہا کہ آپ ہمارا اسٹامپ دیکھیے  پھر فیصلہ کیجیے گا۔ اسٹامپ میں واضح طور پر لکھا تھا کہ حنفی مسلک ہیں اور اپنی زکاۃ خود ادا کرنا چاہتے ہیں وہ مطمئن ہوگئیں۔
 اسٹامپ کے آخر میں دو گواہوں کے دستخط اور شناختی کارڈ نمبر درکار تھے میں نے ان خاتون سے درخواست کی کہ آپ بطور گواہ دستخط کردیں دوسرا ہم بنک ہی میں کسی سے کروا لیں گے۔ اوتھ کمشنر فوراً بول پڑا “ نہیں جناب کوئی فیمیل بطور گواہ دستخط نہیں کرسکتی “
“ کیوں میل فیمیل کیا ہوتا ہے کیا یہ پاکستانی شہری نہیں ہیں؟“
“ وہ جی اسلام میں بھی تو نہیں ہے“
خاتون بھی ( مجھے کسی تعلیمی ادارے سے وابستہ دکھائی دیتی تھیں اور وہ خود فارم تصدیق کرنے کا اختیار رکھتی تھیں) چونک پڑیں اور ان صاحب کو لتاڑا کہ وہ شِق صرف سزائے موت کے لیے ہے ہر معاملے میں نہیں۔
بنک پہنچ کر پتا چلا کہ صاحب یکم شعبان سے پہلے اگر بیان حلفی جمع کروائیں تو پھر آپکو زکاۃ کٹوتی سے استثناء مل سکتا ہے اب جمع کروائیں :ww گے تو اگلے سال کے لیے کارآمد ہوگا۔ پھر اکاؤنٹ چیک کر کے کہنے لگا کہ جناب آپکا تو کرنٹ اکاؤنٹ ہے آپکی زکاۃ تو کٹے گی نہیں۔    

 

2 comments on “آدھی گواہی – زکاۃ کٹوتی

  1. بڑا ہی بے ڈھنگا طریقہ ہے پیسے بٹورنے کا۔ چلو اگر درست استعمال میں‌ آتی تو آدمی سوچتا کہ اچھا ہے خود ہی منہا ہوجائیں گے لیکن کم بخت یہ لوگ ایک سال ہونے کا انتظار بھی نہیں‌کرتے یعنی اگر ایک دن پہلے ہی آپ نے پیسے جمع کرائے تو غالبا اس پر بھی کاٹ لیتے ہیں‌۔۔ اور نادار پجیرو والی بات تو ڈھائی سو فیصد درست ہے۔ نہ جانے کیوں علماء کو دین کے اتنے اہم ستون میں یہ سقم نظر نہیں‌ آتا مشرف لانے اور لے جانے میں ہی مصروف رہتے ہیں۔

  2. کیا دلکش نظارہ یاد کروا دیا۔ کھڑکی توڑ رش ہوا کرتا ہے اس فلم پر جو پرانی ہونے کے باوجود ہر سال لگتی ہے۔ مزے کے بات ہے اگر کسی کے پیسے آپ کے پاس امانت ہوں تو بینک میں جمع کروائیں اور اس میں سے بھی زکواتہ کٹ جاتی ہے۔ ہو سکتا ہے بینک خود چاہتے ہوں کہ یہ کام ختم کیا جائے لیکن انہی علما سے ڈرتے ہوں کے بینکوں کے خلاف فساد نہ کھڑا کر دیں کیونکہ بینکنگ جتنی آسان ہو گی اتنا ہی لوگ اکاؤنٹ کھلوانے میں دلچسپی رکھیں گے۔

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ Log Out / تبدیل کریں )

Connecting to %s

%d bloggers like this: